ارنا کے مطابق ناصر کنعانی نے اتوار 9 جون کو یہ بات غزہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک تقریب سے خطاب میں کہی ہے ۔
انھوں نے اس تقریب سے خطاب میں جس میں بڑی تعداد میں صحافیوں، نامہ نگاروں اور ابلاغیاتی اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی، کہا کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جنگی جرائم کے دوام میں امریکی کردار ناقابل انکار ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کے مقابلے میں بہت بڑی شکست سے دوچار ہوئی ہےاور امریکی حکومت بھی اس کی اس بڑی شکست میں برابر کی شریک ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کی اقوام اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف بین الاقوامی قانونی چارہ جوئی کریں اور اس کے ساتھ ہی اس حکومت کی بے چوں و چرا حمایت پر امریکی حکومت کا بھی مواخدہ کریں۔
ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت کے حامیوں کو فطری طور پر عالمی معاشرے کے بیدار ضمیر انسانوں، عالمی رائے عامہ اور بین الاقوامی قانونی نیز عدالتی مراکز کے سامنے جواب دہ ہونا چاہئے کہ انھوں نے کس طرح فلسطینی عوام کے مقابلے میں اس غاصب حکومت کی حمایت کی اور کس طرح گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران 40 ہزار سے زائد مظلوم فلسطینیون کا قتل عام کیا۔
انھوں نے کہا کہ دنیا کی اقوام اپنی حکومتوں سے میدان عمل میں آگے بڑھ گئيں اور اقوام عالم کے مطالبات اور ارادے اس غاصب حکومت اور اس کے حامیوں کو ان وحشیانہ ترین جرائم کے تعلق سے جواب دینے پر مجبور کرسکتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آج مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت عالمی ذمہ داری ہے۔
انھوں نے کہا کہ علاقے کے استقامی گروہ اور تحریکیں اپنی اقوام کی نمائندگی میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کررہی ہیں اور ظالم نیز تسلط پسند نظام کے دباؤ کے سامنے ہرگز نہيں جھکیں گی۔
آپ کا تبصرہ