ارنا نے رائٹرز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ملیشیا کے پولیس چیف رضاء الدین حسین نے بتایا ہے کہ کوالا لمپور کے ایک ہوٹل سے ایک مسلح فرد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اس 36 سالہ فرد پر اسرائيل کا جاسوس ہونے کا شبہ ہے ۔
ملیشیا کے پولیس چیف نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار کئے جانے والے اس فرد کے پاس سے 6 پستول اور 200 کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ یہ شخص 12 مارچ کو فرانس کے جعلی پاسپورٹ کے ساتھ متحدہ عرب امارات سے کوالالمپور آیا ہے۔
ملیشین پولیس کے سربراہ رضاء الدین حسین نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والے مشکوک شخص نے پولیس کی تفتیش کے بعد ایک اسرائيلی پاسپورٹ بھی دیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ہم اس بات کی تحقیق کررہے ہیں کہ یہ فرد اسرائیلی انٹیلیجنس کا رکن تو نہیں ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے مشکوک فرد نے پولیس کو بتایا ہے کہ ایک گھریلو جھگڑے کے بعد وہ ایک دوسرے صیہونی کا پیچھا کرتے ہوئے ملیشیا آیا ہے۔
ملیشیا کے پولیس چیف نے کہا کہ ہم اس بات کی تحقیق کررہے ہیں کہ مشکوک فرد نے ملیشیا میں اسلحے کس طرح خریدے اور ان کی قیمت اس نے ڈیجیٹل کرنسی میں کس طرح ادا کی ۔
انھوں نے بتایا کہ اس کی گرفتاری کے بعد سیکورٹی دستوں کو الرٹ کردیا گیا ہے اور ملیشیا کے بادشاہ، وزیر اعظم اور دیگر اعلی حکام کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ملیشیا ایک مسلمان ملک ہے جو فلسطینیوں کا حامی اور صیہونی حکومت کا مخالف ہے ۔
صیہونی حکومت کے ساتھ اس کے سفارتی روابط نہیں ہیں اور اس نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے مطابق ملیشیا میں تقریبا 600 فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔
آپ کا تبصرہ