ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع امیر آشتیانی نے بدھ کو تہران میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں جنوبی بیروت میں غاصب صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دہشت گردی کے ذمہ دار اس کے نتائج سے بچ نہیں سکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ امریکا کی دشمنی جاری ہے اور ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔
ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا نے علاقے میں توازن کا شیرازہ بکھیر دیا ہے اور اس دہشت گردی کے نتائج امریکیوں کو بھی دامنگیر ہوں گے۔
امیر آشتیانی نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے امریکی پالیسیوں کے خلاف اتحاد زیادہ مضبوط ہوگا۔
ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ اس طرح کی اسٹریٹیجک غلطیاں علاقے میں کشیدگی بڑھا رہی ہیں اور اس کا دھواں خود ان کی آنکھوں میں بھی جائے گا۔
یاد رہے کہ منگل کی رات جنوبی بیروت میں ایک دہشت گردانہ حملے میں، حماس کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ صالح العاروری اور القسام بریگیڈ کے کمانڈر سمیر فندی اور عزام الاقراع نیز حماس کے رکن محمود زکی شاہین، محمد الرئیس، محمد بشاشہ اور احمد حمود شہید ہوگئے ہیں ۔
آپ کا تبصرہ