محمد اسلامی : آئی اے ای اے کے تین یورپی ملکوں کے انسپکٹروں کے نام فہرست سے  نکالنے کی وجہ ان کا انتہا پسندانہ سیاسی طرزعمل ہے

تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہماری کوئی بھی ایٹمی سرگرمی آئی اے ای اے سے پوشیدہ نہیں ہے اور تین یورپی ملکوں کے انسپکٹروں کے نام ان کے انتہا پسندانہ سیاسی طرز عمل کی بنا پر فہرست سے نکالے گئے ہیں ۔

 ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ تین یورپی ملکوں سے تعلق رکھنے والے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئي اے ای اے کے انسپکٹروں کے نام  فہرست سے اس لئے نکالے گئے ہیں کہ ان کا طرزعمل انتہا پسندانہ سیاسی نوعیت کا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے آئی اے ای اے کے ایک سوستائيس انسپکٹروں کے ناموں کی منظوری دے رکھی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ تین یورپی ملکوں کے جن انسپکٹروں کے نام کاٹے گئے ہیں وہ کئي سال سے ایران نہیں آئے تھے جبکہ آئي اے ای اے کے انسپکٹروں کی فہرست میں ان کی تعداد قابل ذکر بھی نہیں ہے۔

محمد اسلامی نے کہا کہ اس سلسلے میں مغربی ملکوں کا ہنگامہ ملکوں کے خلاف ان کے سیاسی طرز عمل کا مظہر ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کا یہ مطالبہ غلط ہے کہ وہ  ایٹمی معاہدے کی پابندی  نہ کریں لیکن ایران  پابندی کرتا رہے ۔

 انھوں نے کہا کہ ایران میں ایسی کوئی ایٹمی سرگرمی نہیں ہے جو بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی ائی اے ای اے سےپوشیدہ ہواور ایجنسی کو اس کی اطلاع نہ ہو۔

انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے تعلق سے  ہم پابندیوں کے خاتمے کے لئے پارلیمنٹ  کےپاس کردہ اسٹریٹیجک اقدام کے قانون کے پابند ہیں اور پابندیاں ختم ہونے کے بعد ہم بھی جامع ایٹمی معاہدے کی مکمل پابندی شروع کردیں گے۔

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .