ایران ہالینڈ اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے آمادہ ہے، امیر عبداللہیان

تہران (ارنا) ایران کے وزیر خارجہ نے ہالینڈ اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایران کی آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماحولیات، آبی وسائل اور صنعتی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ہالینڈ کے وزیر خارجہ ہانکے برنسلوٹ سے ملاقات اور گفتگو کی۔

امیر عبداللہیان نے ہالینڈ اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پیشکش کی اورکہا کہ ہم  ماحولیات، آبی وسائل اور صنعتی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں وزارت خارجہ کے درمیان سیاسی مشاورت جاری رکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ ایران نے دہشت گردی سے لڑنے کے لیے بہت زیادہ رقم خرچ کی ہے اور اس میدان میں اس کے پاس قابل قدر تجربہ ہے اور ہم اس میدان میں بات چیت اور تجربات کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔

ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہالینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات بہت پرانے ہیں اور ہم ان تعلقات اور سفارتی تعاون کو مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

 انہوں نے ایران اور ہالینڈ کے درمیان بعض سفارتی مسائل کو حل کرنے میں مدد کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔

ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ تعمیری رابطوں اور بات چیت کو جاری رکھنے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔

اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون اور مشاورت کا عمل شامل ہے۔

امیر عبداللہیان نے اپنے ہالینڈ کے ہم منصب کو دورہ تہران کی بھی دعوت دی۔

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .