ایران کی خفیہ ایجنسیوں کی طاقت بے پناہ، ہم نے فرانس، سویڈن، برطانیہ اور کئي ملکوں کے جاسوس پکڑ رکھے ہيں، انٹلی جنس کے وزیر

تہران-ارنا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے انٹلی جنس کے وزیر نے بتایا ہے کہ ہماری خفیہ ایجنسیوں کے پاس فرانس، سویڈن، برطانیہ اور دیگر کئي ملکوں کے جاسوس ہیں اور دنیا کی 50 سے زائد خفیہ ایجنسیوں نے اسلامی انقلاب کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران ڈیسک بنا رکھی ہے۔

          انٹلی جنس کے وزیر حجت الاسلام والمسلمین سید اسماعیل خطیب نے پاسداران انقلاب اسلامی کے  کمانڈروں اور عہدیداروں کی 24 ویں اسمبلی سے خطاب میں کہا : پاسداران انقلاب اسلامی کے بارے میں رہبر انقلاب کے بیانات قابل فخر ہیں اور "دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی تنظیم " کا عنوان، نئی خصوصیت ہے جو رہبر انقلاب اسلام نے پاسداران انقلاب اسلامی کو عطا کی ہے۔

          انہوں نے کہا: دشمن تمام حالات میں اس انقلاب کے پیچھے پڑا رہے گا کیونکہ یہ انقلاب، دنیا میں ایک نئي طاقت بن کر ابھرا ہے اور اسی انقلاب کی بدولت مجاہدوں اور پاسداران انقلاب کے جیالوں نے علاقے میں امریکہ کو دھول چٹا دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی اس شکست کو تلافی کے لئے کوشاں رہتا ہے۔

          ایران کے انٹلی جنس کے وزیر نے داعش کی تشکیل میں امریکہ کے رول اور داعش کے دہشت گردوں کے صیہونی حکومت سے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا:  ان میں سے 200 دہشت گرد ملک میں داخل ہوئے تھے جو پورے ملک اور عراق میں اربعین کے دوران عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے تھے لیکن ہم نے ان میں سے اکثر دہشت گردوں کو پکڑ لیا اور ان کی سازش ناکام ہو گئی۔

          انہوں نے ایران کی خفیہ ایجنسیوں کی توانائي کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آج ایران کی خفیہ ایجنسیوں کی طاقت اس حد تک ہے کہ آج ہم نے فرانس، سویڈن برطانیہ اور دیگر کئي ملکوں کے جاسوسوں کو پکڑ رکھا ہے اور بے پناہ دباؤں کے باوجود ان میں سے بہت سے جاسوسوں کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

           انہوں نے صیہونی حکومت کے اندرونی بحرانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا : صیہونی حکومت کو جن حالات کا سامنا ہے وہ در اصل اس استقامت کا نتیجہ ہے جس کی داغ بیل شہید جنرل قاسم سلیمانی نے ڈالی تھی۔ صیہونی حکومت ہر روز یہ دعوی کرتی تھی کہ وہ دنیا کی چوتھی بڑی طاقت ہے  لیکن اب وہ اندرونی کھوکھلے پن کی بات کر رہی ہے اور اس حکومت کے صدر سے لے کر چھوٹے بڑے حکام تک  یہ کہہ رہے ہيں کہ یہ حکومت اندر سے کھوکھلی ہو رہی ہے۔

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .