ہم ایران کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعلقات میں توسیع کی کوشش کر رہے ہيں، ہندوستانی سفیر

تہران- ارنا- ایران میں ہندوستان کے سفیر نے یوم آزادی کی مناسنبت سے منعقد ایک پروگرام میں کہا : ہندوستان، ایران کے ساتھ اپنے تعلقات میں تنوع کا خواہاں ہے۔

        ایران میں ہندوستان کے سفیر رودرا گورو نے منگل کے روز تہران میں ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر منعقد پروگرام میں کہا: ہم وزراء کی سطح پر مشترکہ کمیشن کے انعقاد کی تیاری کر رہے ہيں ، وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی افریقہ میں برکس کے سربراہی اجلاس میں ایران کے صدر سے ملاقات کے مشتاق ہیں جو اگلے ہفتے ہونے والا ہے۔ اسی طرح ہندوستان کے وزیر اعظم کو امید ہے کہ وہ جلد ہی ہندوستان میں صدر رئيسی کی میزبانی کریں گے۔

        انہوں نے ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ کے شعبے کو ایران و ہندوستان کے تعلقات کا اہم میدان قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان یوریشیا کے بازاروں تک رسائی کے لئے اپنے دوست ایران کے اسٹریٹجک علاقوں سے بہرہ مند ہونا چاہتا ہے اسی لئے ہندوستان شمال جنوب کوریڈور اور چابہار بندر گاہ میں شریک ہے۔

        ایران میں ہندوستان کے سفیر نے سیکوریٹی کے شعبے میں دونوں ملکوں کے تعاون کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایران اور ہندوستان نے ، افغانستان کی صورت حال یا خلیج فارس میں استحکام جیسے اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

         انہوں نے ایران و ہندوستان کے تعلقات کی قدیم تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ہمارے عوام اور حکام ایک دوسرے کو دوستی، اعتماد و احترام کی نظروں سے دیکھتے ہيں اور ایران و ہندوستان کے درمیان کہیں کوئي تصادم کا موضوع موجود نہيں ہے۔

        ہندوستان کے سفیر نے کہا کہ ہندوستان کچھ ہفتوں قبل دنیا کا سب سے زيادہ آبادی والا ملک بن گیا ہے اور توقع ہے کہ اگلے عشروں میں وہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن جائے گا۔

        انہوں نے کہا: ہندوستان کی ایک چوتھائي آبادی 15 سال سے کم عمر کی ہے اور ہماری آدھی آبادی یعنی 700 ملین لوگ 25 برس سے کم عمر کے ہيں اس بناء پر واضح ہے کہ ہندوستان ایک اہم بازار اور افرادی قوت کے لحاظ سے طویل مدت تک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

        تہران میں ہندوستان کے 77ویں یوم آزادی  کا جشن ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی، فرہنگستان زبان و ادب فارسی کے سربراہ غلام علی حداد عادل اور دوسرے ملکوں کے سفراء  کی موجودگي میں ہندوستان سفارت خانے کی میزبانی میں منایا گيا۔

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .