ارنا کے مطابق، ایران کے وزیر صنعت، کان کنی اور تجارت عباس علی آبادی نے منگل کے روز ویتنام کی قومی اسمبلی کے اسپیکر وونگ ڈین ھوئہ اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایران انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ رینوویشن آرگنائزیشن (IDRO) کے سربراہ بابک احمدی، ایران ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے سربراہ مہدی ضیغمی اور مشینری اینڈ ایکویپمنٹ انڈسٹری کی وزارت کے معاون سید محمد موسوی بھی موجود تھے۔
اس ملاقات کے آغاز میں علی آبادی نے کہا کہ ایران اور ویتنام نے پابندیوں کے مشکل دور کو ثابت قدمی اور کامیابی کے ساتھ عبور کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ فریقین کی کوششیں دونوں ممالک کے درمیان بہتر اقتصادی تعلقات، تجارت میں اضافے اور ترقی کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے ایران کے تجارتی مشیر کے متوقع دورہ ویتنام کا عندیہ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ برسوں میں ایران میں تیار کی گئی اشیاء بہت سے ممالک کو برآمد کی گئیں جہاں انہیں بےحد پذیرائی ملی ہے۔
ایران کے وزیر صنعت، کان کنی اور تجارت نے ویتنام کی عظیم پیشرفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کی سطح کو اس مقام تک پہنچا سکتے ہیں جو دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ہو۔
علی آبادی نے کہا کہ ویتنام کے ساتھ رابطوں کو مزید بڑھانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیئے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے لیے اطمینان بخش نتائج سامنے آئیں گے۔
آپ کا تبصرہ