قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت

سوئیڈن اور ڈینمارک میں ہونے والی قرآن مجید کی بے حرمتی کیخلاف اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کا آغاز

تہران (ارنا) گزشتہ چند ہفتوں سے یورپ میں تواتر سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کیخلاف، اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس پیر کی شام ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں شروع ہوچکا ہے۔

ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ اس اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہم قرآن مجید کو نذر آتش کیۓ جانے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام ممبر ممالک سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ قرآن مجید پر کیۓ جانے والے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔  

فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ ہم امن و آشتی کے خواہاں ہیں اور ایسے تمام اقدامات کے خلاف ہیں جو نفرت اور تشدد کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں ۔ انہوں نے تمام ممبران ممالک سے گزارش کی کہ سوئیڈن اور ڈینمارک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کا جائزہ لیں۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے سوئیڈن اور ڈینمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کیخلاف اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی عرب اور ایران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد ایسے واقعات کی روک تھام کے لیۓ مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔

حسین ابراہیم طہ نے کہا کہ قرآن مجید کو نذر آتش کیے جانے کے واقعات مقدس آسمانی کتاب کی بے احترامی کی نشاندہی کرتے ہیں اور بدقسمتی سے ڈینمارک اور سوئیڈن کی حکومتوں نے بارہا اس بے احترامی کی اجازت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  ڈینش عہدیداروں کو ایسے توہین آمیز اقدامات کو روکنا ہوگا۔  انہوں نے ممبر ممالک سے اپیل کی کہ وہ سوئیڈن اور ڈینمارک سے اپنے تعلقات پر نظر ثانی کیساتھ مناسب اقدامات کریں۔

حالیہ برسوں میں چند یورپی ممالک، خاص طور پر اسکینڈینیویا کا علاقہ مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کا مرکز بن چکا ہے۔ سوئیڈش پولیس کے زیر نگرانی انتہا پسند جنونیوں نے بارہا آزادی اظہار کے نام پر قرآن مجید کو نذر آتش کیا اور اس بے حرمتی پر مسلمانوں کے احتجاج کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔

 ہمیں اس ٹوئٹر لنک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu   

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .