اسلام آباد ( IRNA) پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ ڈینمارک میں اسلامی مقدسات پر تازہ حملے اور پاکستانی پرچم جلائے جانے کے واقعے پر اس ملک کے ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے پاکستانی عوام اور حکومت کے شدید غم و غصے سے آگاہ کیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ڈینمارک کی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوپن ہیگن اپنے ہاں اسلام کے خلاف انتہا پسندانہ اقدامات، مسلم دشمنی کے فروغ اور مذہبی منافرت روکنے کی پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں اور علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کو متفقہ طور پر نفرت پھیلانے والے اقدامات بالخصوص اسلام فوبیا کے رجحان کی مذمت کرتے ہوئے اس طرح کے توہین آمیز اور اشتعال انگیز اقدامات کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا چاہیے۔
ممتاز زہرا نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے حال ہی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے اسلاموفوبیا کی ترویج کے خطرناک نتائج کے بارے میں بات چیت کی اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اس سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈینمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ایک انتہا پسند گروپ کے عناصر نے عراق ، ترکی اور مصر کے بعد اب پاکستانی سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور پاکستانی پرچم بھی نذر آتش کیا۔
آپ کا تبصرہ