کوئي طاقتور ایران کو دھمکی نہيں دے سکتا، ہم دنیا کی ڈرون طاقت ہیں، وزیر دفاع

تہران- ارنا- اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جنگي جہاز اور جنگی طیارے تعینات کئے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ  ایران طاقت کے اس مرحلے پر پہنچ چکا ہے جہاں اسے کوئي دھمکی نہيں دے سکتا۔

        وزیر دفاع بريگیڈيئر جنرل محمد رضا آشتیانی نے بدھ کے روز کابینہ اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں، امریکہ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں مزید بحری جنگی جہاز اور طیارے بھیجنے کے اعلان پر کہا: امریکہ اپنا کام کررہا ہے لیکن بنیادی طور  پر اسلامی جمہوریہ ایران طاقت کے اس مرحلے  پر پہنچ گیا ہے جہاں کوئي اسے ڈرا دھمکا نہيں سکتا۔ ہم اب اس مرحلے سے آگے بڑھ چکے ہيں اور اب ہم علاقائي اور عالمی سطح پر ایک رول رکھتے ہيں جسے ہم ادا کر رہے ہيں اور یہ سب اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

        وزیر دفاع نے نالج بیسڈ کمپنیوں کی مدد سے ملک کے اندر ہیلی کاپٹر بنائے جانے کے بارے میں کہا: وزارت دفاع بحری جہازوں، ڈرون طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور اسی طرح دیگر جنگي ساز و سامان بنانے کے سلسلے میں بہت سی نالج بیسڈ کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہم نئے ہتھیار بنانے اور پرانے ہتھیاروں کو بہتر کرنے کی کوشش میں ہیں۔

        انہوں نے کہا کہ لاطینی امریکہ کے ملک خاص اہمیت رکھتے ہيں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ جو ممالک استقامت کے محاذ میں اور خود مختار ہيں اور امریکہ کی تسلط پسندی کے خلاف بر سر پیکار ہیں ان پر ہم ہمیشہ توجہ دیتے آئے ہيں اور ہماری کوشش ہے کہ اس طرح کے ممالک خاص طور پر لاطینی امریکہ کے ان ملکوں کی جہاں تک ہو سکے مدد کریں۔

        انہوں نے کہا: گزشتہ ایام ميں صدر مملکت نے اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور آج اس علاقے کے خودمختار ملک ایران کے ساتھ قریبی تعاون و تعلق میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، ہمارا بھی پوری دنیا میں ایسا رویہ رہا ہے جس کی وجہ سے سب ہم پر توجہ دے رہے ہيں۔

        ایران کے وزیر دفاع نے سعودی عرب کی طرف سے ڈرون طیارے خریدنے کی پیش کش پر کہا: ایسا نہیں ہے کہ ہم کسی خاص ملک پر بہت توجہ دیں کیونکہ ہم دنیا میں ڈرون طاقت بن چکے ہيں اور یقینی طور پر ڈرون طیارے، جنگ ، نگرانی، زراعت اور دیگر میدانوں میں اہم رول ادا کرتے ہيں۔

        انہوں نے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے اور تقریبا دنیا کے تمام ممالک کی یہ کوشش ہے کہ وہ اپنی دفاعی طاقت بڑھانے کے لئے ڈرون طیاروں کا استعمال کریں۔

        انہوں اس سوال کے جواب میں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا کون سا ڈرون طیارہ سب سے زيادہ توجہ کا مرکز ہے کہا: ہمارے تمام طرح کے ڈرون طیارے توجہ کا مرکز ہیں۔

 ہمیں اس ٹوئٹر لنک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu   

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .