5 جون، 2025، 8:20 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85853396
T T
0 Persons

لیبلز

ایران اسلامی ملکوں بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ تعاون کی تقویت پر مصمم ہے

 تہران – ارنا – صدر ایران نے سعودی  ولی عہد کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں، انہیں عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور دونوں ملکوں کے درمیان برادارانہ روابط کی تقویت، علاقائی تعاون کے فروغ اور وحدت اسلامی کے استحکام پر زور دیا

 ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے جمعرات کوسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں، انہیں عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج بالخصوص ایرانی عازمین جج کی میزبانی نیز مناسک حج کی ادائگی کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی مساعی اور زحمتوں کی قدردانی کی ۔   

 انھوں نے مناسک حج کو ایک دین، ایک کتاب اور ایک پیغمبر پر امت اسلامیہ کے اتحاد کی  پرشکوہ تجلی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ معنوی اور دینی رشتہ اسلامی ملکوں کے روابط کے زیادہ مستحکم ہونے کا باعث بنے گا اور اس کے سائے میں امت اسلامیہ کی عزت و سربلندی میں اضافہ ہوگا۔

 صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس گفتگو میں، سبھی اسلامی ملکوں بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ اچھی ہمسائگی اور دینی بنیاد پر استوار برادرانہ اور دوستانہ روابط بڑھانے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔  

 انھوں نے کہا کہ ایران، امت اسلامیہ کے مشترکہ مفادات، امن و سلامتی اور مسلم اقوام کی رفاہ و آسائش کی غرض سے، سبھی شعبوں میں باہمی روابط کے فروغ اور ہمہ گیر تعاون کی تقویت کے عزم راسخ کے ساتھ قدم بڑھانے پر تیار ہے۔     

 سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران کی حکومت اور عوام کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی  کہ یہ بڑی اسلامی عید، امت اسلامیہ بالخصوص ایران اور سعودی عرب کے عوام کے لئے، باعث خیر وبرکت ہوگی۔

سعودی عرب کے ولی عہد نے عالم اسلام میں وحدت کی اہمیت کے بارے میں صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان کے موقف کو قابل تعریف بتایا اور ایران و سعودی عرب کے روابط کی تقویت کے لئے  انجام دیئے جانے والے اقدامات کو اہم اور قابل قدر قرار دیا۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ صرف ایران اور سعودی عرب ہی نہیں بلکہ سبھی اسلامی ممالک کو اس مثبت روش سے فائدہ پہنچے گا۔

انھوں نے کہا کہ ہم  اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوجانبہ روابط میں توسیع کے لئے تیار ہیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .