ایران کے ساتھ شاندار تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، عمان کے سلطان کی صدر پزشکیان سے ٹیلی فونی گفتگو

تہران/ ارنا- عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کے موقع پر عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے دعا کی کہ یہ عید ایران اور عمان کے عوام اور امت اسلامیہ کے لیے باعث خیر، برکت اور سعادت ثابت ہوسکے۔

سلطان عمان نے صدر مملکت کے دورہ مسقط کو کامیاب قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو شاندار، ممتاز اور ترقی کی جانب گامزن قرار دیا۔

انہوں نے ایرانی اور عمانی حکام کے مابین ملاقاتوں اور مذاکرات کے تسلسل پر بھی زور دیا۔

سلطان ہیثم بن طارق نے جلد تہران کا دورہ کرنے اور ایرانی قیادت سے ملاقات کی امید بھی ظاہر کی۔

اس موقع پر صدر مسعود پزشکیان نے بھی سلطان عمان کے ٹیلی فون رابطے کی قدردانی کی اور عمان کے عوام اور حکومت کو عید قربان کی مبارکباد پیش کی۔

صدر مسعود پزشکیان نے اپنے دورہ مسقط کا ذکر اور حکومت عمان کی جانب سے شاندار استقبال کا بھی شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت نے اپنے دورہ مسقط کے موقع پر دستخط ہونے والے معاہدوں کو انتہائی تعمیری اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سلطان عمان کی ہدایات کے نتیجے میں ان معاہدوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جاسکے۔

صدر پزشکیان نے سیاسی، اقتصادی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عمان کے ساتھ تعلقات میں فروغ پر زور دیا اور ان معاملات کو ایران اور عمان کے مشترکہ اہداف اور مفادات کے حق میں قرار دیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے سلطان عمان سے کہا کہ تہران میں آپ کی ملاقات کے منتظر ہیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .