ارنا کے مطابق وزيرخارجہ سید عباس عراقچـی نے بحریہ کے کمانڈر کے نام اپنے پیغام میں میری ٹائم سیکورٹی بیلٹ 2025 بحری مشقوں کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے، ان مشقوں کو بین الاقوامی میدان میں ایرانی بحریہ کی طاقت وتوانائی کا ثبوت قرار دیا ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وسیع سمندری علاقوں میں توانا فعالیت بحری سلامتی اور توسیع کا لازمہ ہے اورمیری ٹائم سیکورٹی بیلٹ 2025 نے ثابت کردیا ہے کہ ایرانی بحریہ بین الاقوامی سمندری علاقوں میں پوری طاقت سے موجود ہے۔
سید عباس عراقچی نے خلیج فارس، آبنائے ہرمز، بحرعمان اور اس سے ماورا سمندری علاقوں کی سلامتی کے تحفظ اور فروغ کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم وارادے پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ بحری مشقوں نے دنیا والوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کا یہ عزم و ارادہ دکھا دیا۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور چین کی میری ٹائم سیکورٹی بیلٹ 2025 مشترکہ بحری مشقیں جاری ہیں جن میں ان تین ملکوں کے علاوہ، پاکستان، آذربائیجان، جنوبی افریقا، عمان، قزاقستان، قطر، عراق، متحدہ عرب امارات اور سری لنکا بھی ناظر کی حیثیت سے شریک ہیں۔
آپ کا تبصرہ