ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج دوپہر کابل میں افغانستان کی عبوری حکومت کے رئیس الوزرا ملا محمد حسن آخند سے ملاقات میں ایران اور افغانستان کے تاریخی، دینی اور اقتصادی روابط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی سلامتی کو ایک دوسرے سے وابستہ قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ چار عشروں کے بعد ایک بار پھر پورے افغانستان میں سیکورٹی برقرار ہوگئی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اعلی سطح پر سفارتکاروں کی آمد اور روابط کی حفاظت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ افغانستان کی امارت اسلامی سے، اسلامی جمہوریہ ایران کے روابط محکم ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران نے کبھی بھی افغانستان کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرنا چاہا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ افغانستان کے حالیہ تغیرات کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ افغان امارت اسلامیہ سے ہمارے روابط میں فروغ آنا چاہئے ۔
انھوں نے ایران میں افغان پناہ گزینوں اور پانی کے مسئلے کے بارے میں کہا کہ ان دونوں مسائل کو باہمی تعاون میں توسیع کے عوامل میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی باوقار وطن واپسی چاہتا ہے۔
اس ملاقات میں افغانستان کی عبوری حکومت کے رئيس الوزرا محمد حسن آخند نے بھی ایرانی وفد کے دورہ افغانستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دورے انجام دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
اسلامی امارت افغانستان کی عبوری حکومت کے رئيس الوزرا نے دونوں برادر مسلمان ملکوں کے درمیان سفارتی، سیاسی اور اقتصادی روابط میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ