صدر مسعود پزشکیان نے عراق کے وزیر اعظم سے ایران اور عراق کے مابین تاریخی، دینی اور ثقافتی تعلقات کو انتہائی گہرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں اور دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کی قوموں کو ایک دوسرے سے دور کرنے کی بہت کوششیں کی گئیں لیکن ہماری مشترکات نے ان سازشوں کو ناکام کردیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیاست، اقتصاد، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے میدان میں تعاون میں فروغ دونوں ممالک کے لیے تیار ہے جس کا بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات میں جتنی ترقی آئے گی علاقے اور عالم اسلام کو اس سے اتنی ہی تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام اور رسول اکرم (ص) اور اہل بیت اطہار (ع) کی تعلیمات پر اگر عمل کیا جائے تو کسی بھی اختلاف کو پنپنے کا موقع تک نہین ملے گا۔
صدر مملکت نے ایران اور عراق کی ممتاز جغرافیائی پوزیشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہران اور بغداد مشترکہ اقتصادی ٹاؤنز اور ہب کی تشکیل کے لحاظ سے دنیا کی بہترین جگہ پر واقع ہیں۔
صدر پزشکیان نے عراق کے وزیر اعظم کے دورہ تہران کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ایک امت اسلامیہ اسی طرح سے تمام سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی میدانوں آپس میں تعاون کرے گی۔
عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے بھی اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف اور مدد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عراق کے عوام اور حکومت معاہدوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے اور ریل، شاہراہوں، سرحدی مارکیٹوں اور گیس اور بجلی کے مشترکہ منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کے وزیر اعظم اپنے ایک روزہ دورہ تہران کے سلسلے میں بدھ، 8 جنوری 2025 کی صبح کو ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت میں تہران پہنچے۔ صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ان کا باضابطہ استقبال کیا۔
آپ کا تبصرہ