6 دسمبر، 2024، 8:52 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85681752
T T
0 Persons

لیبلز

عراقچی: اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ شام کی حمایت کی ہے اور یہ حمایت جاری رکھے گا۔

 بغداد – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے جمعے کو بغداد میں ایران،  شام اور عراق کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کا پیغام شام کی حکومت اور عوام کی مکمل حمایت اور تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف مجاہدت ہے۔

 ارنا کے مطابق بغداد میں شام کے حالات پر سہ فریقی اجلاس کے بعد، ایران ، عراق اور شام کے وزرائے خارجہ نے جمعے کی شام مشترکہ پریس کانفرنس  سے خطاب کیا۔

وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اس میں شک نہیں کہ شام میں تکفیری دہشت گرد گروہ امریکی صیہونی سازش کے تحت دہشت گردانہ حملے کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آج بغداد میں بہت اچھی ملاقاتیں ہوئيں اور باہمی امور کے ساتھ علاقے کے حالات بالخصوص شام کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے سفر عراق اور اربیل اور بصرہ سمیت مختلف عراقی صوبوں اور شہروں کے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر میں تہران اور بغداد کے درمیان بہت اچھے سمجھوتے ہوئے جن پرعمل درآمد کیا جارہا ہے۔   

انھوں نے کہا کہ آج ہم نے  باہمی روابط کی توسیع میں مزید اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

 سید عباس عراقچی نے شام کے حوالے سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ شام کے حالات اور دمشق حکومت نیز شامی عوام کو لاحق خطرات دیگر ملکوں نیز پورے علاقے کے لئے خطرہ شمار ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شام کی صورتحال کے حوالے سے ہمارا موقف ایک ہے اور اس سلسلے میں ہم نے عراقی حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ہم نے طے کیا ہے کہ اس حوالے سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ سرگرمیاں انجام دی جائيں۔   

  اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران، عراق اور شام کا سہ فریقی اجلاس جمعے کی شام منعقد ہوا جس کے بارے میں ہمارے بھائیوں، عراق اور شام کے وزرائے خارجہ نے تفصیلی گفتگو کی، میں صرف یہ کہوں گا کہ  اس اجلاس کا پیغام یہ ہے کہ ہم تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں شام کی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس میں دو رائے  نہیں کہ تکفیری دہشت گرد گروہ امریکا اور صیہونی حکومت کی سازش کے تحت یہ حملے کررہے ہیں۔   

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا جو بھی اس سازش کی تیاری میں صیہونیوں کے کردار کو نظرانداز کررہا ہے وہ غلط کررہا ہے۔  

سید عباس عراقچی نے کہا کہ تکفیری دہشت گردی کو اقوام متحدہ نے بھی دہشت گردی تسلیم کیا ہے اور تحریر الشام نیز جبہت النصرہ اور دیگر تکفیری دہشت گرد گروہوں نے شام کی حکومت اور عوام کے خلاف حملوں کا آغاز کیا ہے اور شام کے عوام اور فوج ان کا مقابلہ کررہی ہے۔

انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہم نے اس حوالے سے شام کی حکومت اور عوام کی حمایت کا اعلان کیا ہے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ شام کی حمایت کی ہے اور یہ حمایت آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جس چیز کی بھی ضرورت ہوگی اور شام کی حکومت ہم سے جس چیز کی بھی درخواست کرے گی ہم انجام دیں گے۔      

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .