11 ستمبر، 2024، 10:21 AM
Journalist ID: 5632
News ID: 85593381
T T
0 Persons

لیبلز

بغداد میں سرداران محاذ استقامت کی جائے شہادت پر صدرایران کی حاضری

بغداد – ارنا – صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آج صبح بغداد پہنچنے کے بعد سرداران محاذ استقامت کی جائے شہادت پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا

 ارنا کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے پہلے غیرملکی دورے میں ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد لے کر آج صبح بغداد پہنچے۔

 اس رپورٹ کے مطابق بغداد ایئر پورٹ سے عراق کے ایوان صدر جانے سے پہلے، صدر مملکت نے  سراداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی جائے شہادت پر حاضری دی، ان کی شہادت کی یاد گار پر پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

 یاد رہے کہ 3 جنوری  2020 کی صبح امریکی فوج نے بغداد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب   اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ قدس کے کماںڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کے کارواں پر دہشت گردانہ فضائی حملہ کردیا تھا جن میں محاذ استقامت کے ان سرداروں کی شہادت ہوگئی  تھی ۔

 عراق میں غیر قانونی طور پر موجود امریکی فوج  نے یہ دہشت گردانہ فضائی حملہ ایسی حالت میں کیاتھا کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کی سرکاری دعوت پر بغداد گئے تھے اور عراق کے سرکاری مہمان تھے۔

  صدر ایران  ڈاکٹر مسعود پزشکیان عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کی سرکاری دعوت پر آج بدھ کی صبح بغداد پہنچے ہیں۔

وہ  اپنے اس دورے میں عراق کے صدر، وزیر اعظم، اسپیکر پارلیمان اور عدلیہ کے سربراہ نیز دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں اور تہران بغداد مشترکہ تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کریں گے۔

صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ اس دورے میں،اعلی سطحی سیاسی  و اقتصادی وفد بھی عراق جارہا ہے اور وہ بغداد حکومت کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ تاجروں اور عراق میں مقیم ایرانیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

  ڈاکٹر مسعود پزشکیان بحیثیت صدر ایران اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں،امیر المومنین حضرت علی اور سید الشہدا حضرت امام حسین علیہما الصلوات و السلام کی زیارت کے لئے  نجف اشرف اور کربلائے معلی بھی جائيں گے۔  

 پروگرام کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے دورہ عراق میں بصرے میں بعض ایرانی پروجکٹوں کا معائنہ بھی کریں گے اور عراقی کردستان ریجن کے حکام کی دعوت پر اربیل اور سلیمانیہ  بھی جائيں گے۔   

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .