ارنا نے شامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام کے مرکزی علاقے پر غاصب صیہونی حکومت نے اتوار کی رات فضائی حملہ کیا جس میں کم سے کم 57 افراد کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق شام کی نیوز ایجنسی نے تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ شام پر غاصب صیہونی حکومت کے گزشتہ رات کے فضائی حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 اور زخمیوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔
اس سے پہلے شام کے صوبہ حماہ کے شہر مصیاف کے اسپتال کے ڈائریکٹر فیصل حیدر نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس علاقے پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں 4 عام شہری شہید اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق مصیاف شہر کے اسپتال کے سربراہ نے بتایا تھا کہ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے۔
اسی سلسلے میں شام کے ایک فوجی عہدیدارنے سانا نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ اتوار کی رات تقریبا گیارہ بجکر بیس منٹ پر صیہونی دشمن نے شام کے مرکزی علاقے میں ایک فوجی مرکز پر فضائی حملہ کیا ہے۔
شام کے اس فوجی عہدیدار کے مطابق شامی فوج کے اییئر ڈیفنس سسٹم نے دشمن کے اس فضائی حملے کا مقابلہ کیا۔
المیادین ٹی وی چینل نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت نے اس فضائی حملے میں صوبہ حماہ کے شہر مصیاف میں دفاعی تحقیقاتی مرکز پر بمباری کی ہے۔
اب شام کی خبررساں ایجنسی نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کے گزشتہ رات کے فضائی حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 14 اور زخمیوں کی تعداد 43 ہے۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے حالیہ برسوں میں دمشق اور شام کے دیگر مختلف علاقوں پر بارہا فضائی حملے کئے ہیں اور اس کے زیادہ تر حملوں کو شام کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنادیا ہے۔
آپ کا تبصرہ