ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے یزد کے گورنر سے ملاقات میں مزید کہا کہ زائروں کے لئے یزد میں جو کچھ کیا گيا ہے اس کے لئے ہم شکر گزار ہيں اور کسی بھی حالت میں یہ ہمدردی ہم بھول نہيں سکتے ۔
انہوں نے کہا: اس قسم کی ہمدردی، جذبات اور اظہار یکجہتی کا مظاہرہ ایران جیسے ملک میں ہی ممکن ہے اور آپ لوگوں کی ہمدردی کو ہم کبھی بھول نہيں سکتے۔
پاکستان کے سفیر نے کہا کہ اس طرح کا جذبہ صرف ایران جیسے ملک میں ہی نظر آ سکتا ہے۔
پاکستان کے سفیر نے اسی طرح کہا کہ جتنی جلد ہو سکے ، جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پاکستان منتقل کی جائيں۔
یزد میں پاکستانی زائروں کی بس کے حادثے کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والی اس ملاقات میں یزد کے گورنر نے کہا : ہمارے دوست اور پیارے پاکستان کے زائر ہمارے لئے عزیز ہیں اور ہم امام حسین علیہ السلام کے زائروں کے لئے سوگوار ہيں۔
مہران فاطمی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حادثے کے فورا بعد سے متعلقہ اداروں نے کام شروع کر دیا ہے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کی منتقلی کا کام ہو رہا ہے اور اسی طرح اسپتالوں میں زخمیوں کا علاج بھی بخوبی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا: کہ نائب صدر اور ملک کے دیگر اعلی حکام نے فون پر حادثے کی رپورٹ طلب کی اور زخمیوں کے علاج کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔
یزد کے گورنر نے کہا: ہم سب امام حسین علیہ السلام کی ملت ہیں اور ایک ہی پرچم تلے ہيں اسی لئے ہم اس حادثے کے بعد ضروری کارروائیاں بے حد سنجیدگی کے ساتھ انجام دے رہے ہيں۔
واضح رہے ایران کے یزد صوبے میں پاکستانی زائروں کی بس حادثے کا شکار ہو گئی جس میں 28 زائر جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے۔ یہ بس ایران کی مشرقی سرحد سے عراقی سرحد پر واقع چذابہ کی طرف جا رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ