امریکہ اور 4 یورپی ممالک اسرائیل کی جارحیت پر خاموش رہے اور اب چاہتے ہیں کہ ایران جواب نہ دے،عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین

تہران (ارنا) عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے امریکہ اور 4 یورپی ممالک کے حالیہ ایران مخالف بیان کو ان کی منافقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے خاموش رہے اور اب وہ اس حکومت کے محافظ بن رہے ہیں۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے منگل کے روز اپنے بیان میں تاکید کی کہ امریکہ، انگلینڈ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کا اسرائیل کے دفاع میں بیان اور ایران کی غاصب حکومت کے خلاف جوابی کاروائی پر اسکے دفاع اور حمایت کا اعادہ منافقت، دھوکہ دہی اور دوہرے معیارات کو ظاہر کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ممالک کا یہ مؤقف ایسے حالات میں ہے جب انہوں نے تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ کے قتل، ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور غزہ پٹی میں جنگی جرائم پر آنکھیں بند کر لی ہیں۔

بیان میں مزید کہاگیا کہ ہم مغرب کے آزاد لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی حکومتوں پر دباؤ ڈالیں کہ وہ آنکھیں بند کرکے ایسے فریقوں کی حمایت کرنا چھوڑ دیں جو صرف جارحیت اور کشیدگی کا باعث بنتے ہیں۔

امریکہ اور چار یورپی ممالک کے سربراہان نے پیر کی رات ایک مشترکہ بیان میں ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت پر ممکنہ جوابی حملے سے دستبردار ہو جائے اور ساتھ ہی کہا کہ وہ ایران اور خطے میں مزاحمتی گروہوں کے حملے کے خلاف صیہونی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .