غزہ میں التابعین اسکول پر اسرائیل کا  وحشیانہ حملہ، عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات نے مذمت کی

تہران - ارنا - عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے غزہ پٹی کے ایک اسکول میں پناہ لینے والے پناہ گزينوں پر صیہونی حکومت کے مجرمانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ہفتے کے روز عمان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا: ہم غزہ کے "التابعین" اسکول پر غاصب صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں، جہاں فلسطینی پناہ گزینوں کو رکھا گیا تھا۔

عمان کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بار پھر عالمی برادری سے صیہونی حکومت کی جارحیت کو روکنے،  اس کے جرائم پر مقدمہ چلانے  اور  اس حکومت کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں کی منظوری دینے کے لئے اقدام کا مطالبہ کیا۔

قطر نے غزہ پٹی میں اس اسکول پر صیہونی حکومت کے حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

متحدہ عرب امارات نے اس اسکول پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ وہ خطے کے حالات کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرے۔

کویت کی وزارت خارجہ نے صیہونی حکومت کے اس جرم کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ التابعین اسکول پر بمباری بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

کویت کی وزارت خارجہ نے کہا:  عالمی برادری اور سلامتی کونسل کو فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی حکومت کے مذموم جرائم کو روکنے کے لیے اقدام کرنا چاہیے۔

فلسطینی  انتظامیہ کی وزارت خارجہ نے بھی زور دیا ہے کہ  ہم سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے فوری اجلاس بلائے اور صیہونی حکومت کو بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرنے پر مجبور کرے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری اور عالمی اداروں سے کہا ہے کہ وہ غزہ پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے کے لیے فوری اقدام کریں۔

واضح رہے آج ہفتہ کے روز صہیونی فوج نے غزہ شہر کے الدرج محلے میں واقع التابعین اسکول میں صبح کی نماز کے دوران فلسطینی نمازیوں پر بمباری کی جس سے کم از کم 100 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

200 کے قریب فلسطینی شہری صبح کی نماز ادا کر رہے تھے جب انہیں اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

اس اسکول پر بمباری کے دوران صیہونی حکومت نے تین بم استعمال کیے جن میں سے ہر ایک کا وزن تقریباً 500 کلو گرام تھا۔

التابعین اسکول پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں 100 سے زائد افراد کی شہادت کے ردعمل میں غزہ پٹی میں فلسطینی حکومت  میں اطلاعات کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ اس بھیانک جرم کی ذمہ داری امریکہ اور صیہونی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

اس دفتر نے مزید کہا: نسل کشی اور نسلی  تصفیہ   جاری رکھتے ہوئے  غاصب حکومت نے ایک نیا قتل عام کیا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد شہید ہوئے۔

غزہ پٹی میں فلسطینی  انتظامیہ نے کہا: "ہم غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے خوفناک قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم پوری دنیا سے اس کی مذمت کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔"

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .