ارنا کے مطابق روسی ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پسکوف نے پیر کوایک پریس کانفرنس میں ایران میں نئے صدر کے انتخاب کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ روس ایرانی عوام کے انتخاب کا بہت احترام کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم ایران کے نومنتخب صدر کی کامیابیوں کی آرزو کرتے ہیں۔
روسی ایوان صدر کے ترجمان نے کہا کہ ایران اور روس کے روابط میں فروغ جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ماسکو کو امید ہے کہ نئے ایرانی صدر کے دور میں بھی مختلف شعبوں میں ماسکو اور تہران کے درمیان قربت، اچھے اور دوستانہ روابط اور ہمہ گیر تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس سے پہلے ایران کے صدارتی الیکشن کا نتیجہ آنے کے بعد روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے منتخب صدر مسعود پزشکیان کے نام مبارکباد کا پیغام ارسال کرکے دونوں ملکوں کے باہمی روابط کو دوستانہ اور اچھی ہمسائگی کے اصولوں پر استوار قرار دیا تھا۔
روس کے صدر نے اس پیغام میں کہا تھا کہ تہران اور ماسکو کے اچھے اور دوستانہ روابط کا دوام دونوں ملکوں کی اقوام کے فائدے میں ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ایران روس روابط کے فروغ سے خطے کے امن و استحکام میں بھی مدد ملے گی۔
روسی صدر نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ امید ہے کہ مسعود پزشکیان کے دور صدارت میں بھی تہران ماسکو روابط میں فروغ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آپ کا تبصرہ