کینیڈین فوج کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے حکومت کو پابند کرنے کا بل ایرانی پارلیمنٹ کو موصول

تہران (ارنا) کینیڈین فوج کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے حکومت کو پابند کرنے کا بل ایرانی پارلیمنٹ کو موصول ہوگیا ہے۔

ارنا کے پارلیمانی امور کے نامہ نگار کے مطابق پارلیمنٹ کی پریزائيڈنگ کمیٹی کے رکن محمد رشیدی نے اتوار کو مذکورہ بل کی موصولی کا نوٹس ارکان کے سامنے پڑھ کرسنایا۔

اس بل میں حکومت ایران سے کینیڈا کی فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے لازمی اقدامات عمل میں لانے کی استدعا کی گئی ہے۔

ارنا کے مطابق، کینیڈا کے سیکیورٹی کے وزیر نے گزشتہ بدھ کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران ایران کی مسلح افواج کے دستے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اقدام ایک طاقتور پیغام ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کینیڈا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف اقدامات کا اختیار  رکھتا ہے۔

کینیڈا کی جانب سے یہ دعوی ایسے وقت کیا گيا ہے جب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی خطے میں داعش سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں پیش پیش دکھائی دیتی ہے۔

ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے کینیڈا کی جانب سے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور نسل کش حکومت، دہشت گردوں اور علاقائی امن و استحکام کے دشمنوں کے لیے ایک مضحکہ خیز تحفہ ہے۔

ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے واضح کیا  کہ اس اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ فیصلے کے نتائج کی ذمہ داری کینیڈا کی حکومت پر عائد ہوگی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .