ارنا کے مطابق پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بدھ کو اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے پہنچ کر صدر ایران آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔
اس رپورٹ کے مطابق سردار ایاز صادق نے ایران کے سفارت خانے میں تعزیتی رجسٹر پر دستخط کرنے کے بعد ارنا کے نامہ نگار سے گفتگو میں کہا کہ وہ پاکستانی عوام کے نمائندے کی حیثیت سے یہاں آئے ہیں اور آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور وزير خارجہ حسین امیر عبداللّہیان اوران کے ساتھیوں کی شہادت کی ایران کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
انھوں نے شہید آیت اللہ رئیسی اورشہید امیرعبداللّہیان کے گزشتہ ماہ کے دورہ پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے،ان دونوں شہیدوں سے اپنی ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ صدرآیت اللہ رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان کی شہادت صرف ایرانی قوم کے لئے ہی نہیں بلکہ پاکستانی عوام سمیت پوری امت اسلامیہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان شمار ہوتی ہے۔
پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ شہید رئیسی کا حالیہ دورہ پاکستان، دونوں پڑوسی ملکوں کے باہمی روابط کے استحکام میں اہم تھا جس میں دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان بہت اہم اور تعمیری میٹنگیں ہوئیں اور باہمی روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ اگرچہ ایرانی قوم اس بڑے سانحے سے دوچار ہوئی لیکن ہمیں یقین ہے کہ روشن مستقبل اسلامی جمہوریہ ایران اور ایرانی عوام کے سامنے ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم ایران کی قوم اور حکومت کے لئے سربلندی کی آرزو کرتے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں صدارتی الیکشن ہونے والا ہے، اس کا نتیجہ جو بھی ہو، اس سے یقینا ایرانی قوم کی یک جہتی بڑھے گی اور اس کو سربلندی حاصل ہوگی۔
ارنا کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کا استقبال کیا جس کے بعد انھوں نے تعزیتی رجسٹر پر دستخط کئے۔
سردار ایاز صادق نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کے ساتھ گفتگو میں شہید صدر آیت اللہ رئیسی کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے اس کو بہت مفید اور ثمر بخش قرار دیا۔
انھوں نے شہید آیت اللہ رئیسی کوایک عظیم عالم دین، صاحب بصیرت رہنما اور علاقے کی ترقی میں ایران اور پاکستان کی مشارکت کا حامی بتایا۔
پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ ان کے ملک کے عوام، حکومت اور پارلیمان اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں۔
آپ کا تبصرہ