ایران کے آپریشن نے علاقے میں طاقت کا توازن تبدیل کردیا ہے اور اگر اسرائیل کی حماقت جاری رہی ایک بڑی جںگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یمن کی اعلی کونسل کے سیکریٹری کا انتباہ

تہران – یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سیکریٹری نے ارنا کے نامہ نگار کے ساتھ بات چیت میں صیہونی حکومت کے خلاف ایران کے ڈرون اور میزائل آپریشن کے بارے میں کہا ہے کہ ایران نے دنیا کی تمام اقوام کے سامنے اسرائيل کو سزا دی ہے۔

 ارنا کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سیکریٹری یاسر الحوری نے ارنا کے نامہ نگار کے ساتھ بات چیت میں کہا ہے کہ ایران کے اس آپریشن نے علاقے میں طاقت کا توازن تبدیل کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے صہیونی حکومت کو سزا دینے کے اپنے وعدے پر عمل کرکے  ثابت کردیا کہ یہ حکومت اندر سے کھوکھلی ہے اور امریکا کی حمایت کے بغیر ختم ہوجائے گی۔

 یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں ایران کا حملہ بہت قوی اور منظم تھا جس نے امریکا، یورپ اور استقامتی محاذ کے سبھی مخالفین کو مبہوت کردیا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ آپ دنیا والوں کی آنکھوں کے سامنے دشمن کو نشانہ بنائيں اور اس کو سزا دیں، اور اقوام آپ کے ڈرون طیاروں اور میزائلوں کو فضا میں جاتے ہوئے اور اہداف پر لگتے ہوئے دیکھیں، یہ واقعی بے نظیر اور اہم کامیابی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے اس آپریشن سے ثابت کردیا کہ صیہونی حکومت بہت کمزور ہے اور صرف امریکی حمایت سے باقی ہے ۔

یمن کے اس رہنما نے کہا کہ اگر علاقے کی بعض وابستہ حکومتوں کی خیانت نہ ہوتی تو امریکا اور صیہونی حکومت آج علاقے میں  نہ ہوتی ۔

 یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سیکریٹری الحوری نے کہا کہ گزشتہ رات جو ہوا وہ صیہونی حکومت کے لئے مکمل شکست اور اس کی ذلت و رسوائی ہے جس نے اس کی دفاعی طاقت کا بھرم خاک ميں ملادیا ۔

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اسلامی تعلیمات پر جن میں مسلمانوں سے اپنی سرزمینوں  کے دفاع کاحکم دیا گیا ہے، عمل کیا اور بڑی کامیابی حاصل کی۔

الحوری نے کہا کہ صیہونی حکومت امریکا، بعض دیگر مغربی حکومتوں کی حمایت اور بعض عرب حکومتوں کی خیانت کی وجہ سے باقی ہے اور اگر ان کی حمایت اور پشت پناہی نہ ہو تو باقی نہیں رہ سکتی۔  

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .