غزہ میں متعدی بیماریاں پھیل رہی ہیں، اقوام متحدہ

تہران (ارنا) اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے کوآرڈینیٹر نے خبردار کیا کہ غزہ میں صاف پانی کی کمی اور گرمی میں اضافے کی وجہ سے پانی سے پھیلنے والی متعدی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے کوآرڈینیٹر جیمی میک گولڈرک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ غزہ میں گرمی بڑھ رہی ہے، اور لوگوں کو اپنی ضرورت سے کم پانی مل رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ صاف پانی کی کمی اور سیوریج سسٹم کی خرابی کے نتیجے میں متعدی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق آلودہ پانی اور صفائی کا ناقص نظام ہیضہ، اسہال، پیچش اور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریوں کے پھیلاو کا سبب بنتا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں بھی عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ اگر غزہ میں صحت کے نظام کو بہتر نہ بنایا گیا تو بیماریوں کے نتیجے میں ہونے والی اموات صیہونی بمباری سے بھی زیادہ ہو جائیں گی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .