ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افوج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے اسماعیل ہنیہ کے نام اپنے پیغام تعزیت میں لکھا ہے کہ دہشت گرد صیہونی حکومت نے ایک بار پھر دہشت گردی کی اور عید الفطر کے موقع پر آپ کے چھے فرزندوں کو شہید کرکے اپنے سیاہ کارناموں میں ایک اور جرم کا اضافہ کیا۔
جنرل باقری نے اپنے پیغام تعزیت میں کہا ہے کہ اس میں شک نہیں کہ کلام خدا کی صریحی نص کے مطابق، یہ جرم اور غزہ کے ہزاروں بے گناہوں کا قتل عام بغیر جواب کے نہیں رہے گا اور اسلامی استقامتی محاذ کے غیور اور دلیر سپاہی صیہونی حکومت کو اس کے شرمناک جرائم کی سزا ضروری دیں گے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ یہ دہشت گردانہ اقدامات صیہونی حکومت کی طاقت کو ظاہر نہیں کرتے بلکہ فلسطینی عوام اور مجاہدین کی استقامت کے مقابلے میں اس کی لاچار اور وحشت کا ثبوت ہیں ۔
سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے اسماعیل ہنیہ کے نام اپنے پیغام تعزیت میں لکھا ہے کہ میں صیہونی حکومت کے حملے میں آپ کے دلیر اور غیور بیٹوں، حازم، امیر اور محمد نیز تین پوتوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔
انھوں نے لکھا ہے کہ یہ حملہ فلسطینی عوام کے صبر اور استقامت کے مقابلے میں دشمن کی شکست کا ثبوت ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ کے نام اپنے پیغام تعزیت میں لکھا ہے کہ آپ کی اور آپ کے استقامتی محاذ کے سپاہیوں کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ آپ اور فلسطینی عوام ایک ہی محاذ پر ہیں ۔
انھوں نے اپنے پیغام تعزیت ميں لکھا ہے کہ 33 ہزار سے زائد شہیدوں کے خون نے، جلاد صفت صیہونی حکومت کی دہشت گردی، درندگی اور نسلی کشی کو بے اثر کردیا ہے اور وہ غزہ کی ہولناک اور ہلاکت خیز دلدل سے ہرگز نجات نہیں پاسکے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر اںچیف جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اسماعیل ہنیہ کے نام اپنے پیغام تعزیت میں لکھا ہے کہ استقامتی محاذ کے سپاہیوں سے براہ راست مقابلے میں سفاک صیہونی حکومت کی لاچاری اور ناتوانی ایک بار پھر ثابت ہوئي اور اس کا انسان دشمن چہرہ ایک بارپھر بے نقاب ہوکر دنیا کے سامنے آگیا۔
انھوں نے اپنے پیغام تعزیت میں لکھا ہے کہ ابدی ذلت ورسوائی انسانی حقوق کے ان دعویداروں کے لئے ہے جنہوں نے اپنی خاموشی اور بزدلانہ حمایت سے ناجائز صیہونی حکومت کو درندگی اورخونریزی جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ایران کی بری فوج کے کماںڈر انچیف جنرل موسوی نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے نام اپنے پیغام تعزیت میں لکھا ہے کہ آپ کے بے گناہ فرزندوں، خواتین اور بچوں نیز سرداران رشید کا خون پاک ثمر بخش ہوگا اور مستقبل قریب میں ہم ، بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کی نابودی، استقامتی محاذ کی کامیابی اور قدس شریف نیز پوری سرزمین فلسطین کی آزادی کا مشاہدہ کریں گے۔
آپ کا تبصرہ