ارنا کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے آج تہران میں اپنے وفد کے ہمراہ ایران کی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر میں جنرل محمد باقری سے ملاقات کی ۔
جنرل باقری نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اور ان کے وفد کے اراکین سے ملاقات میں سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ ان شہیدوں کے خون کے برکت سے قدس شریف جلد ہی آزاد ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ اس سال جہاد فلسطین کی برکت سے عالمی یوم قدس زیادہ پرشکوہ انداز میں منایا جائے گا
جنرل باقری نے کہا کہ فلسطینی امنگیں اسلامی انقلاب کے آغاز سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران کے بنیادی ترین اہداف میں شامل ہیں ۔
انھوں نے سات اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصی کو بے نظیر اور عظیم ترین آپریشن قرار دیتے ہوئےکہا کہ اس آپریشن نے غاصب صیہونی حکومت کو ناقابل تلافی شکست سے دوچار کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری نے کہا کہ استقامتی فلسطینی محاذ کے اس قابل فخر آپریشن نے جرائم پیشہ اسرائیل کے ناقابل شکست ہونے کا بھرم ختم کردیا اور فلسطین کو عالم اسلام کے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے اولین مسئلے میں تبدیل کردیا۔
جنرل باقری نے کہا کہ ہم آس آپریشن کو اس کی خصوصیات کی بنیاد پر حیرت انگیز، بے نظیر،منفرد اور کامیاب آپریشن سمجھتے ہیں اور آپ کو ایسی فوجی پلاننگ اور منصوبہ بندی کرنے والے شہادت پسند کمانڈروں اور سپاہیوں کی موجودگی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اوران شاء اللہ جنابعالی اور دیگر رفقا کی تدابیر سے غاصب صیہونی حکومت کو مکمل شکست ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ اگر امریکیوں نے صیہونی حکومت کی مدد نہ کی ہوتی تو یقینا اس کا شیرازہ بکھر چکا ہوتا لیکن امریکی حمایت اور مدد کے باوجود غاصب صیہونی حکومت بے گناہ عوام، معصوم بچوں اور خواتین کے قتل عام اور اسپتالوں کی تباہی اور بھکمری وجود میں لانے کے علاوہ کچھ بھی نہ کرسکی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے تمام تر مظالم اور دباؤ کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی بے نظیر استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام نے دنیا والوں کی اسلام کی طاقت دکھادی ۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اس موقع پر اپنے دورہ تہران، بالخصوص فوجی کمانڈروں سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور فلسطین پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی خصوصی توجہ کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ فلسطین سے متعلق ذیلی مسائل فلسطینی عوام کے بنیادی مطالبات پر توجہ نہ دیئے جانے کا سبب بنے لیکن خدا وند عالم کے لطف و کرم سے سات اکتوبر کا آپریشن طوفان الاقصی فلسطینی عوام کے دل کی بات دنیا والوں تک پہںچ جانے کا باعث بن گیا۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اور عوام کی حمایت نے آپریشن طوفان الاقصی کو ثمر بخش بنانے میں ہمارے جہادی سپاہیوں کا حوصلہ بڑھایا ہے۔
انھوں نے سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مظلومین عالم کی آواز دنیا والوں تک پہنچانے اور ستمگروں کی سرکوبی میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مساعی کبھی فراموش نہیں کی جاسکیں گی۔
اسماعیل ہنیہ نے آخر میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام اور مسلح افواج کے کمانڈروں کی خصوصی توجہ کا شکریہ ادا کیا۔
آپ کا تبصرہ