ارنا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے جلیل عباسی کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں مختلف شعبوں میں ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی روابط اور تعاون جاری رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے دوست ، برادر اورپڑوسی ملک پاکستان کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قومی اقتداراعلی اورارضی سالمیت کے احترام پر ہماری پوری توجہ ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے پاکستان کی سلامتی کو ایران کی سلامتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیش الظلم گروہ جوخود کو جیش العدل کہتا ہے، ایک دہشت گرد گروہ ہے جو دونوں ملکوں کی مشترکہ سلامتی کے خلاف اقدام کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس دہشت گرد گروہ نے بارہا پاکستان کے اندر سے ایران کی سلامتی کونشانہ بنایا ہے اور اس نے ایران کے اندر انجام پانے والے دہشت گردانہ حملوں کی بارہا ذمہ داری قبول کی ہے۔
ایران کے وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کا گزشتہ روز کا انسداد دہشت گردی آپریشن اس ایرانی دہشت گرد گروہ کے خلاف تھا اور اس آپریشن میں کوئی پاکستانی نیشنل نشانہ نہیں بنا ہے۔
حسین امیر عبداللّہیان نے دوجانبہ موضوعات، منجملہ دہشت گرد گروہوں کے مسئلے میں دونوں ملکوں کے درمیان گفتگو، اتفاق رائے اور تعاون کو اہم قرار دیا ۔
انھوں نے ایران اور پاکستان دونوں ملکوں کے سیکورٹی اور فوجی حکام کے درمیان انجام پانے والے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صحیح سمت میں تبادلہ خیال سے دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی تعاون جاری رہے گا ۔
پاکستان کے نگراں وزیرخارجہ جلیل عباسی نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران اور پاکستان، دونوں ملکوں کی مشترکہ اقدار، ایک دوسرے کے دفاع پر مبنی ماضی اور دہشت گردی کے خلاف مہم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی ایران کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ جب بھی پاکستانی سرزمین سے اسلامی جمہوریہ ایران کو خطرہ لاحق ہوا ہے حکومت پاکستان نے اس کے خلاف اقدام کیا ہے۔
پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباسی نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے بے شمار شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے ایران سے درخواست کی کہ مشترکہ تعاون کے لئے، پاکستان کے اندر موجود دہشت گرد گروہوں کے بارے میں اطلاعات حکومت پاکستان کے حوالے کرے۔
انھوں نے کہا کہ اسلام آباد چاہتا ہے کہ پاکستان کے اندر دہشت گرد گروہوں کے خلاف آپریشن پاکستانی افواج انجام دیں۔
آپ کا تبصرہ