اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کے شہر کرمان میں بزدلانہ اور دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

نیویارک ( ارنا) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ایران کے شہر کرمان میں "بزدلانہ دہشت گردانہ حملے" کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ سے ارنا کے نامہ نگار کے مطابق،  سلامتی کونسل کے اراکین نے 3 جنوری 2024 کو اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر کرمان میں ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور شہید ہونے والوں کے خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی امید ظاہر کی۔ 

 اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔

 سلامتی کونسل کے اراکین نے دہشت گردانہ کارروائیوں کے مرتکب افراد، منصوبہ سازوں، مالی معاونت کرنے والوں اور ان کے حامیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئي کی ضرورت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے اس میدان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کا کوئی بھی عمل، خواہ اس کے محرکات جو بھی ہوں، جہاں بھی ہو ، جب بھی ہو اور جو کوئی بھی اس کا ارتکاب کرے، ایک مجرمانہ عمل ہے اور اس کا کوئي جواز قابل قبول نہیں۔ 

قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے ایران کے شہر کرمان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

0 Persons

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .