اسلام آباد- ارنا۔اتوار کی شب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گيا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر نے تہران میں ایرانی حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں جن میں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور مسلح افوج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری بھی شامل تھے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف کے کامیاب دورہ ایران میں دونوں ممالک نے انٹیلی جنس شیئرنگ کو مضبوط بنانے اور سیکورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دہشت گردی خطے کے لیے بالعموم اور دونوں ممالک کے لیے بالخصوص مشترکہ خطرہ ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور ایران کے فوجی سراہوں نے معلومات کے تبادلے اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے خطرات ختم کرنے اور سیکورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے طریقے تلاش کرنے کا عہد کیا۔
پاک فوج نے اعلان کیا کہ جنرل عاصم منیر نے تہران میں اپنے قیام کے دوران صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سے بھی ملاقات کی اور فریقین نے خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
ارنا کے مطابق، صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے اتوار کو پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے ساتھ ملاقات میں مشترکہ سرحدوں کو محفوظ بنانے اور انہیں اقتصادی سرحدوں میں تبدیل کرنے پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجی پر زور دیا۔
انہوں نے سرحدی منڈیوں کی توسیع اور پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کواس اسٹریٹیجی پر عمل درآمد کا راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں دونوں ممالک کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر اور ان کے وفد نے ہفتے اور اتوار کو تہران میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی کے علاوہ فضائیہ کے کمانڈر ایئر مارشل حمید واحدی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سے بھی ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آپ کا تبصرہ