ارنا کے مطابق ڈبلیو ٹی ٹی سی نے بتایا ہے کہ سن 2022 میں دنیا کے مختلف ملکوں کی جی ڈی پی میں سیاحت کی حصہ داری میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ سال سیاحت کے شعبے میں پوری دنیا میں دو کروڑ بیس لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہيں جو اس سے پہلے کے سال کے مقابلے میں 7.9 فی صد زیادہ ہیں۔
اس وقت سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والوں کی تعداد 295 ملین ہے جو پوری دنیا میں روزگار کے مواقع کا 9 فیصد ہے ۔
پوری دنیا میں سیاحت کے شعبے میں ہونے والی اس ترقی کا اثر ایران پر بھی پڑا اور رپورٹ کے مطابق ایران کی معیشت میں سیاحت کی حصہ داری سن 2022 میں 39.2 فیصد بڑھی ہے جس کے بعد ایران کی کل معیشت میں سیاحت کی حصہ داری 4.6 فیصد تک پہنچ گئي ہے۔
سیر و سیاحت کی عالمی کونسل کی رپورٹ کے مطابق سیاحت میں بہتری کے ساتھ ہی، ایران میں سن 2022 میں سیاحت کی صنعت میں روزگار کے مواقع میں 11.2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔
اعداد و شمار کے مطابق سن 2022 میں غیر ملکی سیاحوں نے ایران میں 6.2 ارب ڈالر خرچ کئے ہیں جو سن 2021 کے مقابلے میں 73.5 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹوں کے مطابق ایران میں سیر و سیاحت کے لئے آنے والے آدھے غیر ملکیوں کا تعلق عراق سے ہے ۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ایران کا سفر کرنے والے 97.9 فیصد لوگوں کا مقصد سیاحت تھا جبکہ 2.1 فیصد لوگ ، تجارت کی غرض سے ایران آئے تھے۔
سن 2022 میں ایران کا سفر کرنے والے کل غیر ملکی سیاحوں میں 55 فیصد عراقی تھے اور جمہوریہ آذربائیجان اور ترکیہ کے 6 فیصد ، پاکستان کے 5 فیصد اور کویت کے 2 فیصد لوگوں نے سن 2022 میں سیاحت کے لئے ایران کا سفر کیا۔
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu
آپ کا تبصرہ