رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے میڈلین جہاز پر موجود فلسطین حامی کارکنوں کو اغوا کرلیا اور ان کے جہاز کو مقبوضہ سرزمینوں کے جنوب میں واقع اشدود بندرگاہ میں منتقل کردیا ہے۔
یورونیوز کے مطابق، اس جہاز پر حملہ بین الاقوامی بحری حدود میں کیا گیا ہے۔
قطر کے الجزیرہ چینل نے بھی بتایا ہے کہ جہاز پر موجود فلسطین حامی کارکنوں کو بین الاقوامی حدود میں حراست میں لے کر انہیں پوچھ تاچھ کے لیے مقبوضہ سرزمینوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حملے سے چند گھنٹے قبل صیہونی ذرائع نے اعلان کیا تھا کہ صیہونی فوج غزہ میڈلین فلوٹیلا پر حملہ کرنے جا رہی ہے۔
اتوار کی رات ایک اسرائیلی فوجی اعلی عہدے دار نے دعوی کیا تھا کہ جہاز پر قبضہ بغیر کسی تشدد کے ہوگا اور اس میں موجود افراد کو فوری طور پر مقبوضہ سرزمینوں کے ایئرپورٹ کے ذریعے وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ جہاز پہلی جون کو اٹلی کے جنوبی جزیرے سسلی سے چلا تھا۔ یہ جہاز غزہ والوں کے لیے امدادی سامان سے لیس تھا۔
طے شدہ شیڈول کے مطابق اس جہاز کو پیر کے روز غزہ پہنچنا تھا اور اس کی وسیع میڈیا کوریج ہونا تھی تاہم صیہونی فوجیوں نے اپنی مجرمانہ حرکتیں جاری رکھتے ہوئے اس جہاز اور اس میں موجود فلسطین حامی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
آپ کا تبصرہ