ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے شعبہ امریکا کے ڈائریکٹر جنرل عیسی کاملی نے ارجنٹینا کے ناظم الامور کو طلب کرکے، احتجاجی نوٹ ان کے حوالے کیا اور ایران کے سخت اعتراض سے مطلع کیا۔
انھوں نے، ایران کے خلاف ارجنٹینا کے سرکاری حکام اور عدالتی اداروں کے بے بنیاد الزامات کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف سے ارجنٹینا کے ناظم الامور کو باخبر کیا اور کہا کہ آمیا کیس میں ارجنٹینا کے اٹارنی کا تازہ اقدام اور ایران کے سرکاری عہدیداروں پر الزام لگانا، 1994 کے مشکوک واقعے کی عدالتی تحقیقات کے طولانی پراسیس ميں انحراف پیدا کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت سے وابستہ عوامل کے اثرورسوخ کی وجہ سے یہ کیس پہلے ہی تل ابیب کے ایران مخالف سیاسی اغراض و مقاصد کو آگے بڑھانے کے ایک سیاسی حربے میں تبدیل ہوچکا ہے اور ارجنٹینا کے اٹارنی کے حالیہ اقدام سے اس کیس میں موجود ابہامات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے شعبہ امریکا کے ڈائریکٹر جنرل، عیسی کاملی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ارجنٹینا کے اٹارنی کا یہ اقدام،بین الاقوامی اصول وضوابط اور قوانین کے منافی ہے، اس کو ایک غلط بین الاقوامی بدعت قرار دیا ہے۔
انھوں نے ارجنٹینا کے اٹارنی کے اس غلط اقدام کے سیاسی اور قانونی نتائج کی جانب سے خبردار کرتے ہوئےکہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، بین الاقوامی قوانین کے مطابق، اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری تدابیر اور اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
آپ کا تبصرہ