ارنا کے مطابق یمنی حکومت کے وزیر خارجہ جمال عامر نے ٹیلیفون پر اپنے نئے ایرانی ہم منصب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، ان کی کامیابی کی آروز کی اور ایران اور یمن کے باہمی تعاون کی تقویت پر زور دیا۔
یمن کے وزیر خارجہ نے یمن پر امریکا اور برطانیہ کے حملوں اور علاقے میں لڑائی کی شدت کی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں یمن کا موقف ہرگز تبدیل نہیں ہوگا۔
جمال عامر نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران اور یمن کے درمیان گزشتہ سمجھوتوں اور دستاویزات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شعبے سمیت سبھی میدانوں میں تعاون میں توسیع آئے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے یمنی ہم منصب کے ٹیلیفون اور مبارکباد کا شکریہ ادا کیا اور جمال عامر کو یمن کا وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد پیش کی ۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے یمنی ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ ایران اور یمن کے درمیان علاقے میں امن وسلامتی کے حوالے سے مشاورتیں اہمیت رکھتی ہیں۔
سید عباس عراقچی نے غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جنگ اور جنگی جرائم کے حوالے سے یمن کی حکومت اور قوم کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ممالک صیہونی حکومت کے خلاف صرف زبانی موقف پر اکتفا کررہے ہیں لیکن یمن کی حکومت اور عوام فلسطینی قوم کی مظلومیت کا دفاع کررہے ہیں۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے یمنی ہم منصب کوباہمی روابط اور علاقائی حالات پر گفتگو اور تبادلہ خیال کے لئے تہران کے دورے کی دعوت بھی دی۔
آپ کا تبصرہ