ارنا نے یمنی ذرائع ابلاغ عامہ کے حوالے سے اس ملک کے مختلف صوبوں، شہروں اور علاقوں میں جشن عید غدیرشروع ہوجانے کی خبر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق یمن میں عیدغدیر کی مناسبت سے دارالحکومت صنعا کے چار بڑے اسکوائر پر جشن نورو سرور کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہیں ۔
اس رپورٹ کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں جشن عید غدیر میں شریک پیروان امامت و ولایت نے حضرت علی بن ابیطالب علیہ الصلوات والسلام کی پیروی اور آپ کی تعلیمات پر چلنے کے عہد کی تجدید کے ساتھ خدا اور اسلام کے دشمنوں سے برائت کا اعلان بھی کیا۔
دارالحکومت صنعا سمیت یمن کے مختلف صوبوں اور شہروں میں منعقدہ جشن عید غدیر میں شریک یمنی عوام نے رہبر انقلاب یمن اور تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی سے کی پیروی کے عہد کی بھی تجدید کی ۔
جشن عید غدیر کی مناسبت سے یمنی عوام نے اپنے پر شکوہ جلوسوں اور ریلیوں میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی نسل کشی پر بعض عرب حکومتوں کی خاموشی اور امریکا کے ساتھ ان کی یک جہتی کی مذمت میں نعرے بھی لگائے۔
یمن میں جاری جشن عیدغدیر میں شریک عوام نے امریکا، برطانیہ اور صیہونی حکومت کے منحوس مثلث کے خلاف فوجی اور سیکورٹی آپریشن میں کامیابیوں پر اپنے ملک کی مسلح افواج کو مبارکباد بھی پیش کی۔
آپ کا تبصرہ