سعودی عرب: رفح پر اسرائيل کا وحشیانہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے

 تہران- ارنا – سعودی وزارت خارجہ نے رفح میں فلسطینی مہاجرین کے کیمپ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔

ارنا نے سعودی نیوز ایجنسی واس کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ رفح کے حوادث کے لئے اسرائيلی  حکام پوری طرح جواب دہ ہیں۔

 سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض رفح ميں بے گھر فلسطینی مہاجرین کے خیموں پر اسرائیل حملے  کی مذمت کرتا ہے۔

 ریاض نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے  جارحانہ اقدامات سبھی  بین الاقوامی قرار دادوں نیز مسلمہ بین الاقوامی اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

 سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اپنےبیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینی عوام کے خلاف  یہ وحشیانہ جرائم بین الاقوامی سکوت کے سائے میں انجام دے رہی ہے۔    

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ اسرائيلی حکومت بغیر کسی روک ٹوک کے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کررہی ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی اداروں کی شبیہ خراب ہورہی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری فوری طور پر اپنے فرائض پر عمل کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کو مزید وحشیانہ جرائم کے ارتکاب سے روکے  

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .