ارنا نے فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں میں 82 فلسطینی شہید اور 98 زخمی ہوئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ نئی شہادتوں کے سات اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 32 ہزار 705 ہوگئ ہے۔
فلسطین کے محکمہ صحت کے مطابق اس مدت کے دوران غزہ میں صیہونی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 75 ہزار 190 ہوگئ ہے۔
غزہ میں صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے یہ تازہ اعداد وشمار ایسی حالت میں جاری ہوئے ہیں کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے آج یوم الارض کی مناسبت سے ایک بیان جاری کرکے سرزمین فلسطین اور اس کے مقدس مراکز کی آزادی کو پوری امت اسلامیہ کا فریضہ قرار دیا ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ سرزمین فلسطین اور اس کے مقدس مراکز کا راستہ صرف استقامت ہے۔
حماس نے آپریشن طوفان الاقصی کو اپنے وطن اور سرزمین فلسطین کے مقدس مراکز کے دفاع میں عوامی انقلاب کا تسلسل قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخی سرزمین فلسطین اور قبلہ اول مسجد الاقصی جو قلب فلسطین ہے، دشمن سے جنگ کا مرکز ہے اور اس کی آزادی ہمہ گیر استقامت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم عرب اقوام اور پوری امت اسلامیہ نیز دنیا کے تمام حریت پسندوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں محصور فلسطینی عوام کے لئے اپنی حمایت اور یک جہتی بڑھادیں۔
حماس نے یہ اپیل ایسی حالت میں کی ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے سلامتی کونسل کی قرار داد پاس ہوجانے کے باوجود غاصب صیہونی حکومت نے اپنے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور غزہ کے عوام تک بین الاقوامی امداد کے راستے بند کرکے ان پر قحط اور بھوک مری بھی مسلط کررکھی ہے۔
آپ کا تبصرہ