15 جون، 2025، 2:02 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85863557
T T
0 Persons

لیبلز

عراقچی: امریکا صیہونی حکومت کے حملوں میں شریک ہے

تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں شریک ہے اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داری قبول کرے

 ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے تہران میں دیگر ملکوں کے سفیروں سے خطاب میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت امریکا کی حمایت کے بغیر ایران کے خلاف جارحیت ہرگز نہیں کرسکتی تھی۔

 سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہمارے پاس اس بات کے محکم شواہد موجود ہیں کہ ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے فوجی حملوں میں اس خطے میں امریکی فوجی اڈوں اورفوجیوں نے مدد اور حمایت کی ہے۔

 انھوں نے کہا کہ ہم نے بہت دقت سے ان جارحانہ اقدامات کا جائزہ لیا ہے اور اب بھی جائزہ لے رہے ہیں اورہمارے پاس  اس بات کے کافی شواہد موجود ہیں کہ امریکیوں نے کس طرح صیہونی حکومت کی مدد کی ہے۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ان سبھی شواہد  کے علاوہ امریکی صدر کے بیانات اور ان کے ٹوئٹ ہیں جن میں انھوں نے صراحت کے ساتھ  صیہونی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ انھوں نے (امریکی صدر نے) اعتراف کیا ہے کہ  امریکی جنگی وسائل اور حمایت کے بغیر صیہونی حکومت کے یہ حملے ممکن نہیں تھے اور اسی کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا ہے کہ بعد کے مراحل بھی ہمارے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ بنابریں امریکا ان  حملوں میں شریک ہے اور اس کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔

وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہم نے صیہونی جارحیت پر جوابی حملوں میں اپنی توجہ صیہونی حکومت کے اندر موجود اہداف پر مرکوز رکھی ہے۔  

انھوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع  ہے کہ امریکا نے اس جارحیت میں ساتھ دیا ہے ۔

وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ گزشتہ دو دن کے دوران ہمیں امریکا کے پیغامات موصول ہوئے، جن میں اس نے دعوی کیا ہے کہ اس حملے میں دخیل نہیں ہے اور آئندہ بھی دخیل نہیں ہوگا، لیکن ہم نےاس دعوے پر یقین نہیں کیا ہے، کیونکہ ہمارے پاس  ایسے شواہد موجود ہیں جو اس کے برعکس ثابت کرتے ہیں۔

وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ اگر امریکی حکومت اپنے دعوے میں سچی ہے تو آشکارا طور پر صراحت کے ساتھ اپنے موقف کا اعلان کرے، خصوصی پیغام ارسال کرنا کافی نہیں ہے۔

  انھوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ امریکی حکومت صراحت کے ساتھ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی مذمت کرے کیونکہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق یہ حملہ قابل مذمت ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی حکومت کو چاہئے کہ اپنا دعوی اور صداقت ثابت کرنے کے لئے، ایران کی پر امن ایٹمی تنصیبات پر حملے کی صراحت کے ساتھ مذمت کرے اور خود کو اس مہم سے الگ کرلے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .