ارنا کے مطابق اقتصادی تعاون کی علاقائی تنظیم ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان نے تہران ميں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرداخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات اور گفتگو کی ۔
اس ملاقات میں ای سی او وزرائے داخلہ کے اجلاس سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرداخلہ اسکندر مومنی نے پڑوسیوں بالخصوص ای سی او کے رکن ملکوں کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اعلان کیا ۔
ایران کے وزیر داخلہ نے انسداد منشیات، مہاجرت اور دہشت گردی کے خلاف مہم کے حوالے سے ای سی او کے رکن ملکوں کے ماہرین کی ورکشاپ کی میزبانی کے لئے ایران کی آمادگی کا اظہار کیا۔
ای سی او کے سیکریٹری جنرل نے ایران کے وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں، ای سی او کے انسداد بدعنوانی کے ریجنل سینٹرقائم کئے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر داخلہ اور ای سی او کے سیکریٹری جنرل نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ای سی او کے لئے تیار کی جانے والی 2035 کی دستاویز ميں، منشیات کی اسمگلنگ، دہشت گردی اور بین الاقوامی جرائم کے خلاف مہم سمیت نئے چیلنجوں کو بھی مد نظر رکھا جائے۔
آپ کا تبصرہ