ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں دو طرفہ موضوعات، ایٹمی مذاکرات اور علاقائي تغیرات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں پر امن ایٹمی سرگرمیوں کے حوالے سے ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے بنیادی اصولوں کی اساس پر اپنے ملی مفادات کے تحت ہمیشہ گفتگو اور مذاکرات کے لئے تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ ماضی میں بھی اسی بنیاد پر مذاکرات انجام پائے ہیں ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے غزہ اور لبنان میں جںگ بندی میں توسیع کی ایک بار پھر حمایت کی اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت اور جرائم کا سلسلہ بند ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ علاقے میں امن و استحکام کا حامی رہا ہے اور اس سلسلے میں وہ کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
انھوں نے اسی طرح یمن میں کشیدگی بڑھانے کی ہر کوشش کی جانب سے خبردار کیا اور کہا کہ اس کے نتائج خطے کی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرناک ہوں گے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران اور برطانیہ کے باہمی روابط کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے پیشرفت کا خیر مقدم کیا اور سفارتی مشاورتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ