اسلام آباد- تہران- استنبول ٹرانزٹ کوریڈور، ڈی-8 رکن ممالک کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا، شہباز شریف

اسلام آباد/ ارنا- پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ڈی 8 کے گيارھویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران- پاکستان- ترکی نقل و حمل کوریڈور ایک ایسا موقع ہے جسے اس تنظیم کے رکن ممالک اپنے تجارتی اور معاشی اہداف کے حصول کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے قاہرہ میں ہونے والے ڈی-8 اجلاس سے اپنے خطاب میں غزہ کے خلاف صیہونیوں کے بہیمانہ مظالم اور مغربی ایشیا کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور عالمی امن و استحکام کے لیے اسرائیل کی نسل کشی کی مشینری اور غزہ میں جنگ کو فوری طور پر روکنا ہوگا۔

میاں شہباز شریف نے اس موقع پر ڈی- 8 رکن ممالک اور اس کے اطراف کی ریاستوں کے نوجوانوں کو طاقتور بنانے پر زور دیا اور کہا کہ اسلام آباد نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرے گا۔

انہوں نے اسلام آباد- تہران- استنبول کے مابین ٹرانزٹ کوریڈور ITI کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی-8 تنظیم اس کوریڈور سے پیدا ہونے والے تمام مواقع کا استعمال کرتے ہوئے علاقائی لین دین میں موثر کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے اس تنظیم کے رکن ممالک کے مابین تجارتی ترجیح کے معاہدے پر بھی زور دیا جس کے نتیجے میں اوسط اور خرد تجارت میں اضافہ ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ ڈی- 8 اجلاس کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات بھی متوقع ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .