ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے آج بدھ کو چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوا چنگ سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور چین کے باہمی تعاون کی تاریخ بہت پرانی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے پرخلوص دوستانہ روابط قدیم الایام سے جاری ہیں اور آج ہمارے باہمی روابط اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ روس کے شہر قازان میں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر مسٹر شی جن پنگ سے ملاقات میں ایران اور چین کے درمیان بہت اچھے سمجھوتے ہوئے اور ان سمجھوتوں کو آگے بڑھانے کے لئے آپ کا دورہ تہران اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ چین ایران کے ساتھ اپنے روابط کی توسیع پر مصمم ہے۔
صدر ایران نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا بین الاقوامی میدان میں خود سری اور اپنی چودھراہٹ چلانا چاہتاہے کہا کہ اہم خودسری اور تسلط پسندی کے مقابلے میں روس اور چین کے ساتھ تعاون کی توسیع پر مصمم ہیں۔
چین کے نائب وزیر اعظم نے اس ملاقات میں اپنے ملک کے صدر کا پرخلوص سلام ڈاکٹر پزشکیان کی خدمت میں پیش کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کا بڑا اور اہم ملک اور بین الاقوامی میدان میں تعمیری اور موثر کردار کا مالک ہے۔
چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گواچنگ نے کہا کہ قازان میں دونوں ملکوں کے صدور کی ملاقات میں جو سمجھوتے ہوئے تھے، ان کی پیروی کے لئے تہران آئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران چین کے لئے ایک اسٹریٹیجک پارٹنر ہے اور ہم نے آپ کے ساتھ اپنے تعلقات میں توسیع اور استحکام کی منصوبہ بندی طویل المیعاد اور اسٹریٹیجک روابط کی بنیاد پر تیار کی ہے۔
آپ کا تبصرہ