ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات میں فروغ لایا جائے گا: یوسف رضا گیلانی کی ایران کے سفیر سے ملاقات اور گفتگو

اسلام آباد/ ارنا- پاکستان میں ایران کے سفیر نے پاکستان کے قائم مقام صدر اور چیئرمین سنیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ پارلیمانی تعلقات میں فروغ کو دونوں ممالک کے عوام کے مابین رشتوں کی مضبوطی قرار دیا اور کہا کہ اسلام آباد تہران کے ساتھ تجارتی تعلقات میں فروغ کا خواہاں ہے۔

انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلے پر بھی زور دیا۔

پاکستان کے صدارتی دفتر کے بیان میں آیا ہے کہ پاکستان کے صدر کے قائم مقام نے ملت فلسطین کے اقدار کی حمایت پر بھی زور دیا۔

یوسف رضا گیلانی نے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کا شکریہ ادا کیا جو کہ ہر سال پاکستانی زائرین کے لئے راستہ ہموار کرتی ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو پاکستانی زائرین کی گہری محبت اور اخلاص کے ساتھ پذیرائی کرتی ہے۔

پاکستان کے چیئرمین سنیٹ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں اور پاکستانی عوام بھی اپنے دلوں میں ملت ایران کے لئے بہت زیادہ اخلاص اور محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تہران کے ساتھ تجارتی، معاشی، سلامتی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں مزید تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد متعدد علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے رکن ہیں جس کے ذیل مین دوطرفہ تعلقات اور تعاون میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی اس بات کو سراہا کہ گزشتہ سال پاکستان ایران کا پانچواں بڑا تجارتی حلیف رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کے موجودہ حجم کو بڑھا کہ 10 ارب ڈالر تک لانے کی ضرورت ہے۔

ایران کے سفیر نے علاقے کے متلاطم حالات کی جانب اشارہ کیا اور اسے لبنان اور غزہ میں صیہونیوں کے ہاتھوں وحشیانہ نسل کشی کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے اس موقع پر اسلام آباد میں آل پارٹی فلسطین کانفرنس کی قدردانی کی اور کہا کہ یہ کانفرنس عالم اسلام کے لئے ایک نمونہ عمل ہے جس کی پیروی کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت کی جا سکتی ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .