ارنا نے الجزیرہ ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صیہونی حکومت نے غزہ کے مختلف علاقوں پر چار بار حملے کئے۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں کے تازہ حملوں میں 81 فلسطینی شہید اور 198 زخمی ہوگئے۔
فلسطین کے محکمہ صحت کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے تازہ حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کو ملاکر شہدائے غزہ کی تعداد 38 ہزار 794 اور زخمیوں کی تعداد 89 ہزآر 364 ہوگئی ہے۔
غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے یہ اعدادوشمار ایسی حالت میں جاری کئے ہیں کہ ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم ڈاکٹرس ودآؤٹ بارڈر نے غزہ کے اسپتالوں کی صورتحال کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں میں ابتدائی ترین وسائل بھی نہیں ہیں جس کی وجہ سے ہر لمحہ شہادتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
ڈآکٹروں کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ غزہ میں حفظان صحت کا نظام درہم برہم ہوجانے اور جان بچانے کے ابتدائی ترین وسائل کے فقدان کی وجہ سے ڈاکٹر اور طبی عملے کے دیگر افراد سخت جسمانی اور دماغی دباؤ میں ہیں۔
ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم ڈاکٹرس ود آؤٹ بارڈر نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ غزہ پر ہونے والا ہر حملہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو شدید ترین اور ناقابل برداشت دباؤ سے دوچار کردیتا ہے۔
ڈاکٹروں کی اس عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ غزہ پر نو مہینے سے زیادہ عرصے سے جاری غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں میں طبی عملے کو بہت زيادہ جسمانی اور نفسیاتی نقصانات پہنچے ہیں اور اب صورتحال یہ ہے کہ غزہ میں کوئی بھی جگہ صیہونیوں کے حملوں سے محفوظ نہیں بچی ہے اور طبی عملے کے افراد ہر روز درجنوں عام شہریوں کی شہادتوں کا سامنا کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ