ارنا نے شہاب نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے آج پیر کو ایک بیان جاری کرکے صدر ایران اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اس سانحے پر رہبر معظم انقلاب اسلامی امام خامنہ ای مد ظلہ العالی، حکومت ایران اور ایرانی عوام کو تہہ دل سے تعزیت پیش کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شہدا ایران کے ان بہترین رہنماؤں میں تھے جنہوں نے فلسطین اور فلسطینی عوام نیز استقامتی تحریک کی حمایت اور مدد میں کبھی بھی دریغ نہیں کیا اور فلسطینی کاز کی حمایت میں ہمیشہ قابل فخر موقف اپنا یا ہے۔
شہید ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اتوار 19مئی کی شام قیز قلعہ سی ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شہر تبریز کی جانب واپس جارہے تھے کہ مشرقی آذربائیجان کے علاقے زرقان میں ان کا ہیلی کاپٹر حادثے سے دوچار ہوگیا اور صدراپنے ساتھیوں کے ہمراہ درجہ شہادت پر فائز ہوگئے ۔
حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت ہیلی کاپٹر میں شہید صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ وزیر خارجہ شہید حسین امیر عبداللہیان صوبہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر شہید مالک رحمتی ،صدرمملکت کے سیکورٹی دستے کے کمانڈر شہید جنرل سید مہدی موسوی اور صدر کے محافظین موجود تھے۔
آپ کا تبصرہ