ارنا کے نامہ نگار نے اتوار کو رپورٹ دی ہے کہ اسلام آباد کے اہم چوراہوں کو صدر ایران کی تصاویر سے سجادیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ سے اس ہوٹل تک کی شاہراہ سمیت جہاں صدر ڈاکٹر سید ابراہیمی رئیسی اور ان کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر جانے والے اعلی سطح وفد کا قیام ہوگا، اسلام آباد کی سبھی اہم شاہراہیں، ایوان صدر اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے سامنے کی سڑکیں بہت خوبصورتی سے سجائی گئی ہیں۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر دوست اور پڑوسی ملک پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ ہی ایران کا قومی پرچم بھی لہراتا نظر آرہا ہے۔
پاکستان کے عوام ایران اور ایرانیوں سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کے لئے خاص احترام کے قائل ہیں۔
ارنا کے نامہ نگار کے مطابق پاکستانی عوام اپنے وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں اور چوراہوں پر صدر ایران کی تصاویر اور ایران کا قومی پرچم دیکھ کر مسرور نظرآتے ہیں اور صدر ایران کی آمد کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔
پاکستان کے عوام اور حکام کو امید ہے کہ صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کا دورہ دونوں پڑوسی ملکوں بالخصوص پاکستان کے لئے بہت اچھا موقع ہے اور اس دورے سے دونوں ملکوں کے اقتصادی اور تجارتی روابط میں فروغ آئے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹرسید ابراہیم رئیسی کے دورہ اسلام آباد کے حوالے سے پاکستان کی سیاسی جماعتوں، مذہبی تنظیموں اور سیول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والوں نے ویڈیو پیغامات اور بیانات جاری کرکے صدر ایران کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا ہےاور اس دورے کو اپنے لئےباعث فخر قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ان شخصیات نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ ایران کی غیور قوم مظلومین عالم بالخصوص مظلوم فلسطینی عوام کی حامی ہے اور پاکستان کے مسلمان عوام اس غیورقوم کے صدر کی میزبانی کو اپنے لئے باعث افتخار سمجھتے ہیں۔
اسی کے ساتھ اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نیزکراچی اور لاہور میں ایرانی کونسلیٹ سے پاکستان کے دیگر شہروں کی عوامی تنظیموں نے باضابطہ درخواست کی ہے کہ صدر ایران ان کے شہروں کا بھی دورہ کریں۔
آپ کا تبصرہ