ارنا کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے آج سنیچر کی شام تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات اور گفتگو کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں انجام پانے والے اس ملاقات کے بعد جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ آج ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ بہت اچھے مذاکرات ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے گزشتہ مہینوں کے دوران فلسطینی عوام اور استقامتی فلسطینی محاذ کی حمایت میں بہت اہم کردار ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسلامی جمہوریہ ایران مستقل طور پر ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔
زیاد النخالہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فعال سفارتکاری نے استقامتی فلسطینی محاذ کے موقف کو بیان کرنے اور اس کی حمایت میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور ہمیں ایران سے یہی توقع تھی۔
انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی انقلاب کے آغاز سے ہی فلسطین کے استقامتی محاذ کے ساتھ ہے اور اس نے اس کی بھاری قیمت بھی ادا کی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع کی وجہ سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران کو بے شمار پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایران فلسطینی قوم کا حقیقی حامی اور پشت پناہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ آسان مسئلہ نہیں ہے کہ آپریشن طوفان الاقصی میں فلسطین اب تک استقامت اور پائیداری کے ساتھ ڈٹا ہوا ہے، اگر اسلامی جمہوریہ ایران کی کھلی اور ہمہ گیر حمایت نہ ہوتی تو فلسطین کے لئے یہ ممکن نہیں تھا۔
زیاد النخالہ نے کہا کہ ہم ایران کے رہبر، حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ اس جنگ کے خاتمے پر فاتحانہ انداز میں آپ سے ملاقات کے لئے آئيں گے۔
آپ کا تبصرہ