ارنا کے مطابق ناصر کنعانی نے جمعے کو اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پرایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ غزہ میں گزشتہ چھے مہینے کے دوران رونما ہونے والے المناک واقعات اس بات کو پرکھنے کی کسوٹی ہیں کہ حکومتیں اور بین الاقوامی ادارے اور تنظیمیں، انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی انسانی، اخلاقی ، قانونی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کتنی پابند ہیں ۔
انھوں نے لکھا ہے کہ غزہ کے جنوب مغربی ساحلی علاقے میں دو غیر مسلح فلسطینی نوجوانوں کو بہیمانہ انداز میں قتل اور دفن کرنے پر مبنی نسل پرست اسرائيلی حکومت کے فوجیوں کے حالیہ ہولناک مجرمانہ اقدام پرانسانی حقوق کی دعویدار حکومتوں اور ان کے حکام کے ردعمل نے ظاہر کردیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی طرفداری کے اپنے دعووں میں کتنے سچے ہیں۔
یاد رہے کہ درندہ صفت صیہونی فوجیوں نےگزشتہ روز فلسطینی نوجوانوں کو جو اپنے ہاتھوں میں سفید پرچم اٹھائے ہوئے تھے، انتہائی درندگی کے ساتھ قتل کرکے دفن کردیا تھا۔
غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد پاس ہوجانے کے بعد بھی اپنے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں مزید 71 فلسطینی شہید اور 112 زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد گزشتہ تقریبا چھے ماہ میں صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار 523 اور زخمیوں کی تعداد 75 ہزار 92 ہوگئی ہے۔
آپ کا تبصرہ